ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو : دو مفرور نکسل وادیوں کے سر پر فی کس 10 لاکھ روپے کا انعام - این آئی اے کا اعلان

منگلورو : دو مفرور نکسل وادیوں کے سر پر فی کس 10 لاکھ روپے کا انعام - این آئی اے کا اعلان

Thu, 21 Oct 2021 20:42:44    S.O. News Service

منگلورو 21/ اکتوبر (ایس او نیوز) نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے دو مفرور نکسل وادیوں کا سراغ دینے والوں کے لئے فی کس 10 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ ان دونوں کے تعلق سے کسی کے پاس کوئی سراغ ہوتو این آئی اے سے رابطہ قائم کیا جائے ۔ 

ان مفرور نکسل وادیوں کی شناخت بیلتنگڈی سے تعلق رکھنے والی سندری عرف سندھو اور آرولی گاوں رائچور کے رہنے والے جینّا عرف جان عرف مہیش عرف مارپّا کے طور پر کی گئی ہے ۔ 

بتایا جاتا ہے کہ 2014 میں کیرالہ کے وائناڈ ضلع میں ویلامنڈا پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آئی ایک واردات کے سلسلے میں ان دونوں کو تلاش کیا جارہا ہے ۔ جس میں روپیش ، انو، جینّا اور سندری نے ہتھیار بند ہو کر پولیس آفیسر پرمود کے گھر پر دھاوا بولا تھا ۔ پولیس آفیسر کو جان سے مارنے کی دھمکی دیتے ہوئے اسے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے پر مجبور کیا تھا ۔ اس کے علاوہ اس کی موٹر بائک بھی نذر آتش کردی تھی ۔ تب سے یہ دونوں ملزمین مفرور بتائے جاتے ہیں ۔

اس کیس کے سلسلے میں کیرالہ پولیس نے 2016 میں چارج شیٹ داخل کی تھی ۔ کچھ سال قبل ان دونوں کا سراغ بتانے والوں کے لئے فی کس دو لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا گیا تھا ۔ مگر تاحال یہ دونوں این آئی اے کے ہاتھ نہیں لگے ہیں اس لئے اب یہ رقم بڑھا کر دس لاکھ روپے فی کس کردی گئی ہے ۔ اور تازہ وارنٹس جاری کرتے ہوئے عوامی مقامات پر تشہیری پوسٹرس آویزاں کیے گئے ہیں ۔ اگر کسی کے پاس کوئی جانکاری ہوتو وہ مندرجہ ذیل پتہ پر رابطہ قائم کرسکتے ہیں ۔

National Investigation Agency, House No. 28/443, Girinagara Kadavantara, Kochi Kerala - 682020. Mobile phone: 9477715294 or telephone: 0484-2349344.


Share: